قدرت کی نشانیاں

In عوام کی آواز
January 11, 2021

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی ایک یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک نئ کہکشاں (گلیکسی) دریافت کی ہے، جس کو GN-z11 کا نام دیا گیا ہے. اس کہکشاں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ سب سے قدیم اور فاصلے کے لحاظ سے زمین سے سب سے دور کہکشاں ہے. اس کہکشاں کا زمین سے فاصلہ 13.4 بلین لائیٹ ایئرز بتایا جا رہا ہے. یہ کتنا بڑا فاصلہ ہے، اس کو جاننے کےلئے پہلے یہ سمجھتے ہیں کہ ایک نوری سال یا لائیٹ ایئر کسے کہتے ہیں. ہم جانتے ہیں کہ روشنی کی رفتار تقریبا” تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ ہوتی ہے. اس زبردست رفتار سے روشنی جو فاصلہ ایک سال میں طے کرتی ہے، اسے ایک لائیٹ ایئر کا نام دیا جاتا ہے. یہ جاننے کے بعد اب ذرا پھر دیکھیں کہ نئ دریافت شدہ کہکشاں کا زمین سے فاصلہ کتنا ہے، یقین کریں کہ کیلکولیٹر تو دور کی بات، بڑے بڑے کمپیوٹر بھی یہ فاصلہ نہ ماپ سکیں. 13.4 بلین لائیٹ ایئرز کو اگر لکھنا چاہیں تو 134 کے آگے 30 صفر لگانے پڑیں گے. اب آپ ہی بتائیں، اس اتنی بڑی ویلیو کو عام آدمی کیسے لکھ یا پڑھ سکتا ہے؟
کچھ عرصہ پہلے امریکہ کے خلائ تحقیق کے مایہ ناز ادارے ناسا کے سائنسدانوں نے بھی ایک کہکشاں دریافت کی تھی جس کو ایک بڑی دریافت مانا جا رہا تھا. اب ٹوکیو یونیورسٹی کے سائنسدان یہ دعوی کر رہے ہیں کہ نئی دریافت شدہ کہکشاں سب سے قدیم اور سب سے دور کہکشاں ہے. ایک اندازے کے مطابق اب تک ایک سو بلین کہکشائیں دریافت ہو چکی ہیں اور ماہرین کا اندازہ ہے کہ خلائ تحقیق کےلئے استعمال ہونے والے آلات جوں جوں بہتر ہوتے جائیں گے، اسی طرح نئی نئی کہکشائیں دریافت ہوتی چلی جائیں گی.
سائنس کی خبر آپ نے پڑھ لی، اب ان سائنسدانوں سے میرا ایک سوال ہے کہ کیا یہ سب کچھ دریافت کرتے ہوئے آپ لوگوں کے ذہنوں میں یہ سادہ سی بات نہیں آتی کہ اس اتنی بڑی کائنات کا کوئ خالق بھی ہے؟ کیا اربوں کی تعداد میں دریافت ہونے والی گلیکسیز اور ہر گلیکسی میں اربوں ستارے، سیارے، یہ سورج اور چاند یہ سب خود بخود ہی بن گئے؟ ہم آپ کی لیبارٹری میں پڑے ہوئے ایک کمپیوٹر کے بارے میں کہہ دیں کہ اس کا کوئ بنانے والا نہیں بلکہ یہ خود بخود بن گیا ہے تو آپ کہنے والے کو پاگل اور عقل سے خالی سمجھیں گے. لیکن آپ کتنے بڑے عقلمند ہیں کہ اتنی بڑی کائنات اور اس کے اندر اتنی بڑی بڑی نشانیاں دیکھ کر بھی آپ اس اللہ پر ایمان نہیں لاتے، جس نے اس کائنات کو پیدا کیا ہے. آئیے، یہ سب نشانیاں آپ کو دعوت دے رہی ہیں کہ اللہ، اس کے رسولوں، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں اور آخرت کی زندگی پر ایمان لے آئیے، آپ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو جائیں گے.

/ Published posts: 6

You will read a lot of interesting, articles regarding islam, Quran and Science, social topics and politics.

Facebook