آو پاکستان کی سیر کو جائیں

In عوام کی آواز
January 28, 2021

آؤ پاکستان کی سیر کو جائیں
نزہت قریشی
آؤ دوستو! ہم آج پاکستان کی سیر کرتے ہیں جس کا گوشہ گوشہ اور کونا کونا قُدرتی خُوبصورتیوں سے سجا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی جغرافیائی اہمیت بُہت زیادہ ہے کوہ ہمالیہ کی چوٹیوں سے لیکر گڈانی اور کیماڑی کے سا حل تک اللہ تعالٰی نے اس ملک کوخوب سنوارا ہے۔ اس کے پانچ صوبے ہیں اور ہر صوبہ انفرادیت رکھتا ہے۔
1۔ گلگت بلتستان:۔ گلگت بلتستان کا کُل رقبہ 72971 کلو میٹر ہے اور اس کی آبادی 20 لاکھ افراد پر مشُتمل ہے۔ اس کا دارالحکومت گلگت ہے ۔ اس کے شمال اور شمال مشرق میں وادی جموں و کشمیر ہے ۔ مغرب میں صُوبہ خیبر پختونخوا ہےاور شمال میں افغانستان کی واخان راہداری اور چین کا سب سے زیادہ مُسلم آبادی والا صُوبہ سنکیانگ واقع ہے ۔ جنوب میں آزاد کشمیر واقع ہے۔ گلگت بلتستان میں ہی دُنیا کی دوسری بُلند ترین چوٹی کے- ٹو بھی آسمان کو چھو رہی ہے۔نانگا پربت جو کہ قاتل پہاڑ کے نام سے مشہور ہے اسی میں ہے۔ اس خطے کے سُرخ سیب اور چیری نہایت خوش ذائقہ اور عُمدہ پھل ہیں۔
2۔ خیبر پختو نخوا :۔ خیبر پختو نخوا کو تاریخی لحاظ سے بُہت اہمیت حاصل ہے۔ فارسی، منگول، تُرک ، سکھ اور مُلتان کے حملہ آور یہاں لشکر کشی کرتے رہے۔ اس کا دارالحکومت پشاور گندھارا تہذیب کا مرکز رہا ہے۔ خیبر پختونخوا میں سیر و تفریح کے مقامات دیر ، سوات ، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد ہیں۔ جہاں جا کر واپس آنے کو دل نہیں کرتا۔ اس میں گندم ، جوا ر اور گنا کثرت سے اُگایا جاتا ہے۔وادی چترال کے حسین نظارے ۔ ان کی ثقافت اور ان کے روایتی رقص اور موسیقی میں ستار کو کافی اہمیت حاصل ہے ۔
3۔ پنجاب:۔ پنجاب دو الفاظ کا مجموعہ ہے۔ پنج اور آب۔ پنج کے معنی پانچ اور آب کے معنی پانی ہیں۔ یعنی پانچ دریاؤں کی یہ سرزمین زرخیزی اور ہریالی میں بے مثال ہے۔ سندھ ، جہلم ، چناب ، راوی اور ستلج شامل ہیں۔ اس میں مختلف فصلیں مثلاً مکئی ، گندم اور کپاس بہت زیادہ ہوتی ہیں ۔ یہ پاکستان کا گنجان ترین آبادی والا صوبہ ہے۔یہاں مغلیہ دور کی خوبصورت یادگاریں بھی ہیں ۔ مثلاً بادشاہی مسجد، شاہی قعلہ لاہور ، شالامار باغ اور مقبرہ جہانگیر وغیرہ۔ اس میں سب سے خوبصورت اور جدید شہر اسلام آباد جو پاکستان کا دارالخلافہ بھی ہے پنجاب میں ہی ہے۔ جس میں فیصل مسجد جو سعودی حکومت کے تعاون سے بنائی گئی ہے۔ قابل دید مقام ہے۔
4۔بلوچستان:۔ بلوچستان میں دو قسم کے علاقے ہیں۔ پہاڑی اور میدانی علاقے۔ اس کے میدان زیادہ تر خشک ہیں لیکن کچھ علاقے بُہت زرخیز ہیں اور پہاڑی علاقوں کے میوہ جات مثلاً سیب ، خوبانی ، انار ، آڑو وغیرہ بُہت خوش ذائقہ اور خوش نُما ہوتے ہیں ۔ یہاں کے خشک میوہ جات بھی خوب شہرت رکھتے ہیں۔یہاں پر سوئی کے مقام پر گیس پلانٹ ہیں۔ جہاں سے گیس کی وافر مقدار میں فراہمی ہوتی ہے۔ گڈانی کا ساحل تو قابل دید ہےہی ۔ کیونکہ اس کا نیلگوں پانی نہ صرف کشش رکھتا ہے بلکہ اس کے ساتھ شپنگ یارڈ بھی ہے۔ جہاں پر بڑے بڑے جہاز کھڑے ہوتے ہیں۔
5۔سندھ:۔ سندھ پاکستان کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ اس میں موئنجودڑو کے کھنڈرات ہیں اور اس کا سب سے بڑا اور خوبصورت شہر کراچی ہے۔ جس میں قائد اعظم کا مزار قابل دید ہے۔ سندھ کی ثقافت ، اس کے خوبصورت رنگین لباس ، اجرک ، زیورات اور دستکاریاں اس کا بھر پُور خزانہ ہیں۔ کراچی کے ساحل پر ہر وقت لوگوں کا رش لگا رہتا ہے ۔ یہاں آپ کو اُونٹ کی سواری کا لُطف بھی ملتا ہے اور سمندر کی لہریں آپ کے قدم چوم کر آپ کا استقبال کرتی ہیں۔
تو دوستو! آپ بھی ان تمام مقامات کی سیر کو جائیں اور مزے لیں۔ اللہ پاکستان کو شاد و آباد رکھے ۔ آمین

/ Published posts: 31

I am Nuzhat Quraishi. Principal The Smart School Shabqadar Campus. I am a writer and want to write articles.

Facebook