عورتوں سے متعلق حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے چند خصوصی ارشادات

In اسلام
February 05, 2021

عورتوں سے متعلق حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے چند خصوصی ارشادات

1: رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا عورت پانچ وقت کی نماز پڑھتی رہے وہ رمضان کے روزے رکھ لیا کرے۔ اور اپنی آ برو کی حفاظت رکھے۔ اور اپنے خاوند کی تابعداری کرے۔ تو ایسی عورت جنت میں جس دروازے سے چاہے داخل ہوجائے۔
2: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک شخص نے عرض کی یارسول اللہ فلانی عورت کثرت سے نفل نمازیں اور روزے اور خیر خیرات کرتی ہے۔ لکین زبان سے پڑوسیوں کو تکلیف بھی پہنچاتی ہے ۔ آ پ نے فرمایا وہ دوزخ میں جائے گی۔ پھر اس شخص نے عرض کیا کہ فلانی عورت نفل نمازیں اور روزے اور خیرات کچھ زیادہ نہیں کرتی یونہی کچھ پنیر کے ٹکڑے دے دلا دیتی ہے لکین زبان سے پڑوسیوں کو تکلیف نہیں دیتی۔ آ پ نے فرمایا وہ جنت میں جائے گی۔
3: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کسی عورت کا اپنے گھر میں گھر گرستی کا کام کرنا جہاد کے رتبہ کو پہنچتا ہے۔
4: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے عورتوں! میں نے تم کو دوزخ میں بہت دیکھا ہے عورتوں نے پوچھا اس کی وجہ کیا ہے؟ فرمایا تم پھٹکار سب چیزوں پر بہت ڈالا کرتی ہو (یعنی لعن طعن کرتی ہو، کوستی ہو) اور شوہر کی ناشکری بہت کرتی ہو۔ اور اس کی دی ہوئی چیزوں کی بہت ناقدری کرتی ہو۔
5: اسما بنت یزید انصاریہ سے روایت ہے کہ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ میں عورتوں کی فرستادہ آ پ کے پاس آئی ہوں۔ (یعنی عورتوں نے مجھے یہ کہ کر بھیجا ہے کہ) مرد جمعہ اور جماعت اور عیادت مریض اور حضور جنازہ اور حج وعمرہ اور اسلامی سرحد کی حفاظت کی بدولت ہم پر فوقیت لے گئے۔ آپ نے فرمایا تو واپس اور عورتوں کو خبر کر دے کہ تمہارا اپنے شوہر کے لئے تیار ہونا یا شوہر کے حق ادا کرنا اور شوہر کی رضامندی کا لحاظ رکھنا اور شوہر کی تابعداری کرنا ان سب اعمال کے برابر ہے۔
6: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ایسی عورت پر اللّٰہ کی رحمت نازل ہو جو رات کو اٹھ کر تہجد پڑھے اور اپنے شوہر کو بھی جگائے کہ وہ بھی نماز پڑھے۔
7: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا سب عورتوں سے اچھی وہ عورت ہے کہ جب شوہر اس کی طرف نظر کرے تو وہ اس کو خوش کردے اور جب وہ اس کو کوئی حکم دے تو وہ اس کی اطاعت کرے۔ اور اپنی جان اور مال میں اس کو ناخوش کرے اس کی مخالفت نہ کرے۔
8: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب کوئی عورت اپنے شوہر کو دنیا میں کچھ تکلیف دیتی ہے تو جنت میں جو حور اس کے شوہر کو ملے گی وہ کہتی ہے کہ خدا تجھے غارت کرے وہ تیرے پاس مہمان ہے جلد ہی تیرے پاس سے ہمارے پاس چلا آئے گا۔
9: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا سب سے اچھی وہ عورت ہے جو اپنی عزت و آبرو کے بارے میں پارسا ہو اور اپنے خاوند پر عاشق ہو۔