صحابہ کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے خوبصورت قصے

In اسلام
February 09, 2021

صحابہ کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے خوبصورت قصے
حضرت علی سے کسی نے پوچھا کہ آپ کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے کتنی محبت تھی۔ آپ نے ارشاد فرمایا کہ خدا پاک کی قسم حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہم لوگوں کے نزدیک اپنے مالوں سے اور اپنی اولادوں سے اور اپنی ماؤں سے اور سخت پیاس کی حالت میں ٹھنڈے پانی سے زیادہ محبوب تھے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک اس کو میری محبت اپنے باپ اور اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ نہ ہو جائے۔

حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ تین چیزیں ایسی ہیں کہ جس شخص میں وہ پائی جائیں ایمان کی دولت اور ایمان کا مزہ نصیب ہوجائے ایک یہ کہ اللّٰہ اور اس کے رسول کی محبت سب سے زیادہ ہو۔ دوسرے یہ کہ جس کسی سے محبت کرے اللہ ہی کے واسطے کرے۔ تیسرے یہ کہ کفر کی طرف لوٹنا اس کو ایسا ہی گراں اور مشکل ہو جیسا کہ آگ میں گرنا حضرت عمر نے ایک دفعہ عرض کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے اپنی جان کے علاوہ اور سب چیزوں سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم زیادہ محبوب ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ کوئی شخص مومن اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک اس کو میری محبت اپنی جان سے بھی زیادہ نہ ہو۔ حضرت عمر نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اب آپ مجھے اپنی جان سے بھی زیادہ محبوب ہیں تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اس وقت تمہارا ایمان کامل ہوا ہے۔

ایک صحابی نے آکر حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ قیامت کب آئے گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت کے لئے کیا تیار کر رکھا ہے جس کی وجہ سے انتظار ہے۔ انہوں نے عرض کیا یارسول اللہ میں نے بہت سی نمازیں اور روزے اور صدقے تو تیار نہیں کر رکھے ہیں البتہ اللّٰہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میرے دل میں ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت میں تم اسی کے ساتھ ہوگے جس سے محبت رکھتے ہو۔