پہلا ہوائی جہاز

In تاریخ
February 20, 2021

پہلا ہوائی جہاز نزہت قریشی
السلام علیکم !

انسان کو ہمیشہ سے ہواؤں میں اُڑنے کا شوق رہا ہے۔ آسمانوں میں اُڑتے ہوئے پرندوں کو دیکھ کر اس کی بھی یہ خواہش تھی کہ کسی طرح وہ بھی ان پرندوں کے ساتھ اُڑے۔ اس سلسلے میں کئی کوششیں کی گئیں ۔ مگر ہر بار ناکامی ہوئی، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور آخر کار کامیاب ہو گئے۔ ہوائی جہاز سب سے تیز رفتار سواری ہے۔ ہوائی جہاز اور ریل گاڑی ایجاد ہونے کے بعد سفر میں آسانی ہو گئی۔دنوں اور مہینوں کا سفر جہاز کے ذریعے گھنٹوں میں ہونے لگا۔

یہ سائنس کی ایک حیرت انگیز ایجاد ہے۔ ہوائی جہاز نہ صرف عام مسافروں اور سامان کی بار برداری اور نقل و حمل کے لئے بلکہ جنگی مقاصد کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ ہوائی جہاز کا تجربہ سب سے پہلے مسلمان سائنسدان ابوالقاسم ابن فرناس اندلسی نے کیا تھا۔پھر اس کے بعد لگاتار کوششیں جاری رہیں۔ دُنیا کا پہلا جہاز 17 دسمبر 1903 میں امریکہ کے ایک چھوٹے سے شہر کٹِی ہاک سے اُڑایا گیا ۔ جہاز بنانے والے اورول اور ولبر رائٹ برادران کے نام سے مشہور ہیں۔ بچپن سے اورول اور ولبر کو اُڑتی پتنگیں ، چڑیاں اور غُبارے بہت اچھے لگتے تھے۔ لیکن ایک اُڑنے والی مشین بنانے کا خیال ان کے دل میں کھلبلی مچاتا رہتا۔ اس کے لیے وہ اکثر طرح طرح کے تجربے کرتے رہتے۔جب اورول 7 سال کا تھا

اور ولبر 11 سال کا تو ان کے ابا ان کے لیے ایک کھلونا لے کے آئے۔ کھلونا کارک ، لکڑی کے تنکوں اور کاغذ سے بنا تھا۔ ربر بینڈ کی مدد سے گھما کر اس کو اُوپر اچھالتے اور یہ ہوا میں اُڑ کر نیچے آ جاتا۔ کھلونے سے کھیلتے کھیلتے اورول اور ولبر کا اُڑنے والی مشین بنانے کا شوق اور بڑھ گیا۔ بڑے ہوئے تو انہوں نے سائیکل مرمت کرنے کی دُکان کھول لی۔ ساتھ ساتھ اپنے جہاز بنانے کے تجربے پر بھی کام کرتے رہے۔ آخر کار اُنہوں نےدنیا کا پہلا ہوائی جہاز بنا لیا۔

1903 میں جب رائٹ برادران نے اپنا پہلا جہاز اُڑایا تو اورول جہاز کے کنٹرول پر بیٹھا تھا اور ولبر جہاز کے ساتھ ساتھ زمین پر دوڑ رہا تھا۔ اس دن اُنہوں نے جہاز چار مرتبہ اُڑایا۔ان کی پہلی پرواز صرف 12 سیکنڈ کی تھی اور سب سے طویل پرواز 59 سیکنڈ تھی۔وہ جہاز 852 فٹ دور تک اُڑا تھا۔ اس کے بعد سو سال کے عرصے میں جہازوں کی شکلیں بدلتی رہیں اور اتنی ترقی ہوئی کہ ہر دن سینکڑوں کی تعداد میں جہاز دنیا کے کونے کونے تک اُڑنے لگے۔ پی آئی اے 10 فروری 1955ء کو وجود میں آئی تھی۔ اس سے پہلے پاکستان کی فضائی کمپنی کا نام اورینٹ ایئر ویز تھا۔پی آئی اے نے 6 گھنٹے 43 منٹ میں کراچی سے لندن تیز ترین فلائٹ مکمل کرتے ہوئے ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا ۔ پاکستان کی پہلی خاتون پائلٹ شکریہ خانم تھیں ۔ پاکستان کی کم عمر ترین خاتون پائلٹ قصوا مبارک حسین ہیں۔پاکستان کی پہلی لڑاکا پائلٹ عائشہ فاروق ہیں۔پاکستان کا سب سے بڑا ایئر پورٹ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی ہے۔ہم ان جہازوں میں گھنٹوں بیٹھ کر ہزاروں میل کا سفر کرتے ہیں۔

/ Published posts: 31

I am Nuzhat Quraishi. Principal The Smart School Shabqadar Campus. I am a writer and want to write articles.

Facebook