مائیکروسافٹ ورڈ میں اردو لکھنا

In فیچرڈ
May 23, 2021
مائیکروسافٹ ورڈ میں اردو لکھنا

ساجد حمید

ایم فل اردو

مائیکروسافٹ ورڈ ، کمپیوٹر کا سبب سے زیادہ استعمال ہونے والا سافٹ ویئر ہے۔ اردو کے علاوہ دوسری زبانوں میں زیادہ تر لکھنے پڑھنے کا کام مائیکروسافٹ ورڈ میں کیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ اس سافٹ ویئر کی وہ خصوصیات ہیں جن کا متبادل اب تک پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔ مائیکروسافٹ ورڈ میں اردو کا کام بھی نستعلیق رسم الخط میں اچھی طرح کیا جا سکتا ہے۔ لیکن معلومات نہ ہونے کی وجہ سے اردو والے اب بھی مائیکروسافٹ ورڈ کا بہت کم استعمال کرتے ہیں۔ اس مضمون میں مائیکروسافٹ ورڈ میں نستعلیق خط میں اردو لکھنے سے متعلق ان ہی امور پر روشنی ڈالی جائے گی جو خاص طور پر اردو سے متعلق ہیں۔

اردو زبان کے لیے رائج سافٹ ویئر کے مقابلے میں مائیکروسافٹ ورڈ میں اردو میں کام کرنا زیادہ آسان ہے۔ ورڈ میں ٹائپ کرنے کے بعد اسے ای میل کرنے کے لیے اٹیچ فائل میں بھیجنا ضروری نہیں ہوتا ہے۔ ورڈ کے مواد کو کاپی کرکے ای میل میں پیسٹ کیا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ ورڈ چونکہ تقریباً ہر کمپیوٹر میں موجود ہوتا ہے اس وجہ سے ورڈ میں اٹیچ کرکے بھیجی گئی فائل کو کہیں بھی کھولا جاسکتا ہے۔

مائیکروسافٹ ورڈ میں اعداد کو الٹا نہیں درج کرنا پڑتا ہے۔ مطلب یہ کہ ۲۰۱۴ کو لکھنے کے لیے پہلے چار پھر ایک اور آخر میں دو نہیں لکھنا پڑتا ہے جبکہ اردو کے لیے رائج سب سے مشہور سافٹ ویئر ان پیج میں اس کے برعکس کرنا پڑتا ہے یہی وجہ ہے کہ اکثر اردو کتابوں میں اعداد الٹ جایا کرتے ہیں۔

مائیکروسافٹ ورڈ کی ایک اہم خصوصیت اس کا پروف کا نظام ہے جس کی وجہ سےاملا غلط ہونے کی صورت میں نیچے سرخ لکیر بن جاتی ہے۔ اس پر رائٹ کلک کرنے پر مائیکروسافٹ ورڈ متعلقہ لفظ کا صحیح املا بیان کردیتا ہے۔ اردو کتابوں میں املا کی بے شمار غلطیاں اس وجہ سے بھی ہوتی ہیں کہ وہ مائیکروسافٹ ورڈ میں نہیں ٹائپ ہوتی ہیں۔

اس کے علاوہ اور بھی چیزیں ہیں جن میں مائکروسافٹ ورڈ اردو کے لیے بنے روایتی سافٹ ویئرز سے کافی آگے ہے۔ مثلاً مائکروسافٹ میں ہیڈر فوٹر اور صفحات نمبر ڈالنے کا نظام کافی اچھا ہے۔ بُلٹ، نمبرنگ،حاشیہ کی خود کار نمبر شماری اور ریویو آپشن کا کوئی متبادل دوسرے سافٹ وئیرز میں نہیں ہے۔

ان پیج کے نئے ورژن (3.51) میں اگرچہ ان میں سے اکثر پریشانیوں پر قابو پالیا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ ایک نئی پریشانی جڑ گئی ہے۔ وہ یہ کہ نئے ورژن میں ٹائپ شدہ مواد کو پرانے ورژن میں نہیں کھولا جاسکتا۔ نیز ان پیج کا اصلی ورژن بہت مہنگا ہونے کی وجہ سے بھی عوام کی پہنچ سے دور ہے۔ اس کی قیمت بیس ہزار روپے سے بھی زائد ہے جو کہ ایک عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ ان ہی پریشانیوں کی وجہ سے نیا ورژن مارکیٹ میں آجانے کے باوجود پرانے ورژن کو ہی کو استعمال کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ اس کی پائیریٹڈ کاپی آسانی سے ہر جگہ بلامعاوضہ مل جاتی ہے۔

مائکروسافٹ ورڈ میں موجود سہولیات کے مقابلے میں ان پیج اردو میں سہولیات بہت کم ہیں۔ اس کے باوجود بھی اگر ان پیج ہی کا بول بالا ہے تو اس کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں:

(1) اردو والوں کو مائکروسافٹ ورڈ میں موجود ان سہولیات کا علم نہیں ہے جس کی مدد سے بہتر انداز میں اردو لکھی جاسکتی ہے۔

(2) ان پیج کی پائیریٹڈ کاپی انٹرنیٹ پر آسانی سے دستیاب ہوجاتی ہے۔

مائکروسافٹ ورڈ چونکہ ایک عام سافٹ ویئر ہے اس وجہ سے ہر کمپیوٹر میں خریدتے وقت موجود ہوتا ہے۔ کمپنی نے اس سافٹ ویئر میں دنیا کی تقریباً سبھی زبانوں میں کام کرنے کی سہولت دے رکھی ہے لیکن کچھ زبانوں کے لیے کچھ پروگرام مائیکروسافٹ ورڈ کی ویب سائٹ یا دوسری ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اردو بھی ان زبانوں کی فہرست میں آتی ہے۔ اس وجہ سے مائکروسافٹ ورڈ میں اردو میں کام کرنے سے پہلےاردو ڈاٹ سی اے پر جاکر فونیٹیک کی بورڈ (صوتی تختۂ کلید ) مفت میں ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ اسی ویب سائٹ سے جمیل نوری نستعلیق بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

 اردو کے کئی خوب صورت خط انٹرنیٹ پر مفت دستیاب ہیں۔ مثلاً جمیل نوری نستعلیق، علوی نستعلیق، القلم تاج نستعلیق، القلم تحریر، القلم سنبل وغیرہ ان کو القلم کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

مذکورہ بالا طریقہ سے بھی آسان یہ ہے کہ “پاک اردو انسٹالر” ڈاؤن لوڈ کرلیا جائے۔ یہ ایم بلال کی ویب سائٹ پر مفت میں دستیاب ہے۔ اس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد کپیوٹر اردو فانٹ، کی بورڈ اور دیگر سیٹنگ خود بخود کر لیتا ہے۔

کی بورڈ اور فانٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد سیٹینگ کا مرحلہ آتا ہے اس کے لیے کمپیوٹر اسکرین کے نیچے دائیں جانب لینگویج پر رائٹ کلک کریں۔ سیٹینگ پر جائیں ایک باکس کھل کر سامنے آئے گا۔ اس میں جنرل کے آپشن میں ایڈ پر کلک کریں۔ فہرست میں اردو پر کلک کریں۔ کی بورڈ میں فونیٹک کو منتخب کرکے اوکے کا بٹن دبا کر باہر آجائیں۔ اب اردو میں لکھنے کے لیےآلٹ پلس شفٹ کے بٹن سے زبان تبدیل کرکے اردو میں لکھیں۔

مائیکروسافٹ ورڈ میں چونکہ عام طور پرایریل یا نیو ٹائمز رومن خط ہوا کرتا ہے اس وجہ سے اردو بھی اس خط میں آئے گا۔ پریشان مت ہوں۔ متن کو منتخب سیلیکٹ کریں۔ رائٹ ٹو لیفٹ ٹیکسٹ ڈائریکشن کلک کریں۔ یہ آپشن ہوم مینیو میں پیراگراف کے تحت آتا ہے۔فانٹ آپشن میں جاکر فانٹ تبدیل کرکے جمیل نوری نستعلیق یا اوپر بتائے گئے نستعلیق فانٹس میں سے کسی ایک کو منتخب کریں۔ اب آپ اپنے کمپیوٹر پر مائیکروسافٹ ورڈ میں اردو میں بہتر طریقے پر کام کرسکیں گے۔ آپ کا کمپیوٹر اردو کے لیے پوری طرح تیار ہے۔