عشرہ ذی الحجہ کو قیمتی کیسے بنائیں، جانیے عیدالاضحیٰ کب ہوگی

In اسلام
July 10, 2021
عشرہ ذی الحجہ کو قیمتی کیسے بنائیں، جانیے عیدالاضحیٰ کب ہوگی

اللہ تعالی ہم سب ”مسلمانوں“ کو ”عشرہ ذی الحجہ“ قبولیت والا، بہت قیمتی، عافیت اور عمل صالح والا نصیب فرمائیں
آج بروز ہفتہ 10 جولائی 2021ء..حجاز میں 30 ذوالقعدہ 1442ھ کی تاریخ ہے..یعنی آج مغرب سے وہاں ”ذوالحجہ“ کا مہینہ اور متاع دنیا کے افضل ترین ایام شروع ہو جائیں گے..اور وہاں ”یوم النحر“ یعنی ”عید الاضحی“ 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی ان شاءاللہ..ہمارے ہاں صورتحال یہ ہے کہ آج یہاں 29 ذوالقعدہ ہے..شام کو چاند کمیٹی کراچی جابیٹھے گی..وہ ملک بھر میں چاند ڈھونڈے گی..اگر مل گیا تو ہمارے ہاں بھی مغرب سے ”ذوالحجہ“ شروع ہو جائے گا..اگر نہ ملا تو کل بروز اتوار مغرب سے نیا مہینہ شروع سمجھا جائے گا اور عید الاضحی 21 جولائی بروز بدھ ہوگی..

اچھا ہوگا کہ قربانی کرنے والے مسلمان آج ہی مغرب سے پہلے حجامت بنوالیں ناخن کاٹ لیں تاکہ..ایک سنت شریفہ پر عمل ہوجائے..وہ یہ کہ چاند نکلنے کے بعد سے قربانی ذبح ہونے تک..بال اور ناخن وغیرہ نہ کاٹے جائیں..یہ ایک سنت اور مستحب عمل ہے..واجب نہیں..اچھا ہوگا کہ ایک نظر..”افضل ایام الدنیا“ کتاب پر بھی ڈال لیں..جذبے اور اعمال کی تازگی ہو جائے گی ان شاءاللہ..اچھا ہوگا کہ آج مغرب سے نماز باجماعت کا ایسا مضبوط نظم بنا لیا جائے کہ..13 ذی الحجہ کی مغرب تک کوئی نماز بغیر جماعت کے نہ ہو..اور خواتین اپنی ”مسجد البیت“ کو صاف ستھرا کر کے اس میں ہر نماز اول وقت ادا کریں..اچھا ہوگا کہ اپنے مال میں سے کچھ آج مغرب سے الگ کر لیں تاکہ وہ اللہ تعالی کے راستے میں خرچ کرکے اپنے دس افضل دن قیمتی بنالیں..اچھا ہوگا کہ آج مغرب سے کلمہ طیبہ، درود شریف، استغفار سے رشتہ مضبوط بن جائے اور تیسرے کلمے کا خاص اہتمام رہے اور تکبیر زورشور سے جاری ہو جائے

”اللہ اکبر، اللہ اکبر، لا الہ الا اللہ واللہ اکبر، اللہ اکبر وللہ الحمد“

اچھا ہوگا کہ اپنے موبائل سے بات کریں، اسے بتائیں کہ جناب کچھ وقت عنایت فرمائیں تاکہ میں دس دن میں قرآن مجید کا کم ازکم ایک ختم کر سکوں اس لئے فیس بک، یوٹیوب اور دیگر خرافات مجھے نہ دکھائیے..ویڈیو بند، ہر آفت بند..قبر میں قرآن مجید ساتھ ہوگا موبائل پر تو مرتے ہی لوگ قبضہ کرلیں گے..کئی انتظار میں ہوں گے..اچھا ہوگا کہ ہم روز دو رکعت نماز ادا کرکے ان ایام کے ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کریں اور مدد مانگیں کہ ہمیں ان ایام کو پانے، کمانے اور قیمتی بنانے کی توفیق ملے..کیونکہ

لاحول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم

ہر توفیق اللہ تعالی ہی سے ملتی ہے۔

والسلام