146 views 0 secs 0 comments

نغمات تمہیں کوئی

In ادب
March 25, 2022
نغمات تمہیں کوئی

آنکھوں میں نہ پڑ جائے برسات تُمہیں کوئی
بخشے ہے نئی وحشت ہر رات تُمہیں کوئی

بس اِتنا سمجھ لیجے وابستہ نہِیں تُم سے
بتلا تو نہِیں سکتا ہر بات تُمہیں کوئی

آ جاؤ گھڑی بھر کو ماضی میں پلٹ جائیں
کل مُجھ سے جھپٹ لے گی بارات تُمہیں کوئی

ہو شِیرِیں سُخن ایسے، لب لعلِ یمنؔ جیسے
دِل تُم کو کہے کوئی، جذبات تُمہیں کوئی

ہے وقت کڑا، دیکھیں کیا فیصلہ آتا ہے
دُھتکارے تُمہیں، رکھ لے یا سات تُمہیں کوئی

ہر گام دُعا یہ ہے آرام قدم چُومے
پیش آئے کِسی صُورت نا مات تُمہیں کوئی

اِک حُسن کرِشمہ ہو، شہکار مُصوّر کا
بس دان کرے ہر پل نغمات تُمہیں کوئی

تفرِیق کرو خُود ہی ہے کون کھرا اِن میں
اسباب فقط سونپے یا ذات تُمہیں کوئی

مُسکان رہی لب پر ہر زخم رکھا مخفی
حسرتؔ نہ جُھکا پائے، حالات تُمہیں کوئی

رشِید حسرتؔ