توہم پرستی اور ہم

In افسانے
April 10, 2022
توہم پرستی اور ہم

توہم پرستی اور ہم
ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں پہ توہم پرستی عام ہے حالانکہ مسلمان خدا پرست ہوتا ہے توحید پرست ہوتا ہے تقدیر کا پابند ہوتا ہے اور کبھی بھی توہم پرست نہیں ہوتا کہتے ہیں کہ کالی بلی راستہ کاٹ لے تو اچھا نہیں ہوتا کس کے لئے آپ کے لئے یا بلی کے لئے،ہوسکتا ہے بلی کے ساتھ آپ سے بھی برا معاملہ ہوا ہو اور بلی بھی آپ کو کوستی ہو
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک بادشاہ شکار کے ارادے سے نکلا خدام ساتھ تھے نقارے بجائے جارہے تھے جاہ و حشم اور پورے کروفر کے ساتھ محل سے نکلا ہی تھا کہ سامنے اور فقیر درویش شخص دیکھا میلے کپڑوں میں ملبوس بال گرد سے اٹے بادشاہ کی نظر پڑی اور نظر انداز کرکے آگے بڑھ گیا

سارا دن جنگلوں میں مارا مارا پھرتا رہا کچھ ہاتھ نہ آیا شام کو خفت اور شرمندگی کے مارے واپس لوٹا .ایک مصاحب سے پوچھا کہ کیا وجہ ہے ہم بے نیل مرام واپس لوٹا آئے ہیں مصاحب نے عرض کی حضور صبح کون ملا تھا سب سے پہلے کس کی شکل دیکھی تھی بادشاہ نے حکم دیا فوراً اس فقیر کو پیش کیا جائے فقیر کو پیش کیا گیا بے چارہ ہانپتا کانپتا حاضر خدمت ہوا اور آداب بجا لایا اس ننگ آدمیت اس منحوس کی گردن مار دی جائے اس کمبخت کی نحوست کہیں ہماری سلطنت نہ لے ڈوبے بادشاہ نے گرج کرحکم دیا اس سے پہلے کہ جلاد کے ہاتھ حرکت آتے وہ شخص بولا حضور کا اقبال بلند ہو ہم تو ہیں ہی جناب کی خدمت کے لئے جناب کے لئے جیتے ہیں اور حضور والا کے حکم پہ مرنا ہمارے لئے سعادت ہے

جناب والا ایک سوال کی اجازت عنایت فرمائیں اگر نازک مزاج شاہاں پہ ناگوار نہ گزرے تو اجازت ملتے ہی وہ شخص گویا ہوا میں اس لئے قابل گردن زنی ہوں کہ منحوس ہوں حضور کے ماتھے میں صبح لگا تو حضور کو شکار نہیں لگا حضور کو لگتا ہے کہ میرا زمین پر رہنا سلطنت کے لئے خطرہ ہے لیکن حضورِ والا آپ بھی صبح سب سے پہلے میرے ماتھے لگے سب سے پہلا شخص جو میں نے دیکھا وہ آپ کی ذات اقدس ہے آپ کا سارا دن ضائع ہوگیا مگر میری تو گردن ماری جارہی ہے آپ کا ایک دن ضائع گیا اور میری پوری زندگی تو منحوس کون ہوا؟آپ یا میں؟بادشاہ کی آنکھیں کھل گئیں حکم ہوا چھوڑ دو اسےلوگ کہتےہیں وہ بندہ ملے تو کام نہیں ہوتا کبھی اس سے بھی پوچھ لیا کریں اس کا کام ہوتا ہے یا نہیں کام کرنے والی اللہ پاک کی ذات با برکات ہے دوسروں کو الزام دینے سے پہلے اپنے اعمال پہ نظر کرنی چاہیے،جب آپ کے کام نہ بن رہے ہوں تو دیکھے کہیں ایسا تو نہیں کہ کچھ لوگوں کے کام آپ نہیں ہونے دے رہے آپ دوسروں کے کام میں لگ جائیں اللہ پاک آپ کے کام سنوارنے لگ جائے گا نحوست صرف ہمارے اعمال میں ہوتی ہے ہماری سوچ میں ہوتی ہے صبح کے با برکت وقت میں سونے والا اور صبح کی نماز چھوڑنے والا کس منہ سے لوگوں کو کوستا ہے؟؟؟

محمد عباس کاٹھیا