روشن کل

In افسانے
May 27, 2022
روشن کل

روشن کل

گھر کا دروازہ بند کرکے میں گلی میں نکل آیا مگر الجھنوں اور پریشانیوں کے جو دروازے میرے اندر کھلے تھے وہ بند نا ہو سکے میں نے اپنی زندگی میں ہر مشکل کا سامنا صبر اور سکون سے کیا تھا لیکن ساٹھ کو پہنچنے سے پہلے ہی یا تو میں سٹھیاگیا تھا یا پھر یہ دور ہی پاگل کر دینے والا تھا نفسا نفسی کے اس دور میں بقا کی جنگ لڑنا مشکل ترین ہو گیا تھا ۔

گھر کا کرایہ کچن کا خرچہ بچوں کی فیسیں عید تہوارلینا دینا آخر انسان کہاں کہاں کس کس چیز کو روئے ۔ کبھی کبھی مجھے اپنا آپ اس گدھے جیسا لگتا تھا جس سے بندھی گاڑی پر بوجھ مسلسل لادا جا رہا ہو اور وہ مرتا کیا نہ کرتا کہ مصداق اس بوجھ کو کھینچے جا رہا ہو ۔ انہی سوچوں میں گھرا میں بس سٹاپ تک آ پہنچا تھا مجھ سے پہلے وہاں دو مرد اور دو عورتیں موجود تھیں ۔ بیزار صورت لئے میں بھی ان میں جا کھڑا ہوا تھا حکومت کی مہربانی سے جگہ جگہ بس اسٹاپ پر دو سیٹیں ضرور لگا دی گئی تھیں پر کسی پر شیڈ تھا کسی پر نہیں اوپر سے گرمی الامان الحفیظ ۔ ساحل سمندر پر ہونے کے باوجود پچھلے کچھ سالوں سے کراچی والے شدید گرمی کا عذاب جھیل رہے تھے ۔

دو منٹ میں ہی میری قمیض پسینے سے تر ہو گئی تھی اور میرا روم روم خدا کے حضور التجا کر رہا تھا کہ یا اللہ بس جلدی سے آجائے پانچ منٹ بعد ہی میری مطلوبہ بس آ گئی لیکن اس پر چھت تک چڑھے لوگوں کو دیکھ کر کلیجہ منہ کو آنے لگا میں تھوڑا آگے ہوا لیکن دھکم پیل دیکھ کر بس پر چڑھنے کی ہمت نا کرسکا اور واپس پلٹ آیا ۔ بس میری آنکھوں کے سامنے سے گزر گئی ۔ چند لمحوں کو جوانی کے وہ دن یاد آئے جب دھکم پیل اور رش کی پرواہ کیے بغیر بس کے دروازے میں لٹک جایا کرتے تھے مگر اب جب سے میں صاحب کار ہوا تھا شاذونادر ہی بس کا سفر ہوتا تھا اور میں تو اب بھی نا کرتا مگر پٹرول اور سی این جی کی ہوشربا قیمتوں نے میرے ہوش اڑا دیئے تھے اور اس پر بچوں کی من مانیوں نے دماغ کی دہی بنا دی تھی دو گلی چھوڑ کر سبزی والے کی دکان پر بھی انہوں نے گاڑی پر ہی جانا ہوتا ہے ورنہ شان میں فرق آ جائے گا ۔اسی بات پر کل رات کی چیخ دھاڑ کے بعد میں نے فیصلہ کیا تھا کہ گاڑی کی چابی گھر میں چھپا دوں گا اور خود بھی کام پر آنے جانے کے لیے بس کا سفر اختیار کروں گا مگر اب اسٹاپ پر کھڑے کھڑے سوچ رہا تھا کہ کیا زیادہ دیر تک اس فیصلے پر قائم رہا جاسکتا ہے۔

اسی اثناء میں میرے برابر کھڑی عورت بولی ۔ تھوڑا انتظار کرلو مر نہیں جاؤ گے ۔ میں نے انتہائی تعجب کے ساتھ اسے دیکھا اور پوچھنے ہی والا تھا کہ محترمہ اس بے تکلفی کا مطلب مگر تبھی مجھے احساس ہوا کہ وہ فون پر کسی سے بات کر رہی ہے ۔ اب میرے آس پاس کھڑے لوگ بدل گئے تھے عورت کے برابر دو لڑکیاں اوور آل میں ملبوس کھڑی تھیں ایک کے ہاتھ میں موٹی سی کتاب کھلی تھی اور دونوں کی ڈسکشن زور وشور سے جاری تھی میرے دوسری طرف بھی تین لڑکے آگئے تھے اور یقینا ان کی منزل بھی کوئی کالج یا یونیورسٹی ہی تھی ۔ لمحہ بہ لمحہ میری کوفت میں اضافہ ہورہا تھا اور گرمی کی شدت میں بھی ۔ ایسا لگ رہا تھا کہ سورج سوا نیزے پر آ گیا ہے اس کے علاوہ ٹریفک اور پھیری والوں کا شور بھی دماغ خراب کر رہا تھا اور یہ جو فقیر بچہ مسلسل میرے سائیڈ میں ہاتھ پھیلائے کھڑا ایک ٹک میرا چہرہ تکتا چلا جا رہا تھا اسے تو دل چاہ رہا تھا کہ اٹھا کر پٹخ دوں ۔ ان پروفیشنل بھکاریوں کو بھیک دینے کے میں سخت خلاف تھا۔

اسی وقت میرے پڑوسی بشیر صاحب بھی وہاں آگئے ۔ مجھ پر نظر پڑتے ہی ان کا چہرہ کھل سا گیا کیونکہ اکثر گلی میں نکلتے ہماری اچھی سلام دعا رہتی تھی لیکن میں انہیں بس کے انتظار اور گرمی سے بے حال ہونے کی وجہ سے زیادہ اچھا تاثر نہیں دے سکا ۔ میری حالت زار دیکھ کر وہ بولے ۔ مجھے لگتا ہے خاصی دیر سے کھڑے ہیں آپ اسٹاپ پر ۔ مجھے کچھ کچھ شرمندگی نے آن لیا وہ روز مجھے ذاتی گاڑی میں آتا جاتا دیکھتے تھے ۔ جی بس۔۔ وہ ۔۔ گاڑی کچھ خراب تھی تو سوچا آج بس کا سفر ہی کر لیا جائے ۔ میں نے سہولت سے بات بنائی ۔شکر کیجئے جناب اتنے بڑے شہر میں آپ کو ذاتی گاڑی میسر ہے ورنہ کراچی جیسے شہر میں بسوں کا سفر کسی عذاب سے کم نہیں اوپر سے یہ انتہائی گرمی دوہرا عذاب ہے ۔ میں نے ان کی بات سن کر سر ہلا دیا مگر وہ تو شاید بھرے بیٹھے تھے میرا سر ہلانا ان کے لیے اجازت نامہ ہو گیا ۔

اجی عظیم صاحب اس سب کی ذمہ دار ہماری گورنمنٹ ہے عوام کا تو کچھ خیال ہی نہیں ۔ دن بدن ٹریفک کا نظام بد سے بدتر ہوتا چلا جا رہا ہے ہر شہری اپنی جان ہتھیلی پر لے کر سڑک پر نکلتا ہے لیکن ان حکمرانوں کو صرف اپنی جیبیں بھرنے کی پرواہ ہے لوگوں کو کوئی سہولت ملے نہ ملے ان کی بلا سے ۔ اب یہی دیکھ لیجئے اس بس اسٹاپ کے اطراف میں دور دور تک کوئی درخت نہیں کوئی پانی کا کولر یا نلکا نہیں ۔ کراچی سے تو جیسے سبزہ اجڑتا ہی چلا جا رہا ہے ۔ اب اگر اس سڑک کے کنارے درختوں کی قطار ہوتی تو کسی غریب کو سایہ مل جاتا اگر ہر بس اسٹاپ کے ساتھ ایک ٹھنڈے پانی کا کولر لگا دیا جائے تو کتنی ہی پیاسی خلقت کے حلق تر ہو جائیں مگر کہاں جناب عوام مرتی ہے تو مرے ہمارے صاحب لوگ اپنے سینٹرل اے سی محلوں اور لگثری گاڑیوں سے باہر نہیں نکلیں گے ۔

بشیر صاحب کا جوش و خروش دیدنی تھا میرے ساتھ ساتھ وہاں کھڑے نوجوان لڑکے لڑکیاں بھی ان کی بلند آہنگ مگر مبنی بر حق تقریر غور سے سن رہے تھے میرا ارادہ تھا کہ وہ رکیں تو میں بھی مہنگائی کو موضوع بحث بنا کر اپنے دل کی بھڑاس نکالوں مگر اسی وقت میری بس آ گئی گو کہ اس میں بھی تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی مگر میں کام سے پہلے ہی لیٹ ہو چکا تھا سو ہر حال میں اس بس کو پکڑنا تھا میں نے جلدی جلدی بشیر صاحب کے شانے پر دو چار تھپکیاں دیں پھر بس کی طرف بڑھ گیا بھلا ہو ٹور ، ٹور ، ٹور ( ٹاور ٹاور ٹاور ) کی گردان کرتے کنڈکٹر کی جس نے ایک ہاتھ سے مجھے اوپر کھینچ لیا لوگوں سے ٹکراتے ڈگمگاتے جھومتے گھومتے میں کسی نہ کسی طرح اپنے کام پر پہنچ گیا تھا واپسی میں بھی بس پر آیا مگر رات میں بس آسانی سے مل گئی اور رش بھی نہیں تھا اس کے باوجود گھر پہنچنے پر احساس ہوا کہ بدن کا جوڑ جوڑ کراہ رہا ہے مگر میں خوش تھا کہ فیول کی مد میں میں نے ہزار سے ڈیڑھ ہزار بچا لیے تھے یہی بات میں کھانا کھاتے اپنی بیوی نعیمہ اور بچوں کو بتا رہا تھا لیکن مجھے حیرت ہوئی جب میں نے ان سب کو اپنی طرف تاسف سے تکتے ہوئے پایا ۔ اگلی صبح نعیمہ مجھے بہت دیر تک سمجھاتی رہی کہ پیسے کی نہیں اپنے آرام اور سکون کی فکر کریں مگر میں سوچ چکا تھا کہ آسمان کو چھوتی مہنگائی کے اس دور میں ہاتھ کھینچ کر چلے بغیر گزارا نہیں ہو سکتا اس لیے میں اسے اپنے پیچھے بولتا بکتا چھوڑ کر پھر سے بس اسٹاپ کی طرف بڑھتا چلا گیا لیکن آج اسٹاپ کا رنگ دیکھ کر پہلے میری آنکھیں حیرت سے پھیلیں اور پھر بھیگنا شروع ہو گئیں ۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ٹینشن سے بھرے اس ماحول میں زندگی اتنے خوبصورت پہلو سے بھی سامنے آ سکتی ہے ہمارے منہ سے نکلی باتیں اس طرح سے بھی دلوں پر اثر انداز ہوسکتی ہیں ۔

یہ حسین منظر دیکھ کر مجھے لگا امید کی کرن ابھی بجھی نہیں ہے شاید ہم آج بھی کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ میری آنکھیں دیکھ رہی تھیں کہ وہ ہی لڑکے لڑکیاں جو کل بشیر صاحب کی تقریر سن رہے تھے آج ایک بڑے سے ڈرم میں برف اور ٹھنڈا پانی بھر کر لے آئے تھے جس میں چھوٹی چھوٹی ڈھیر ساری پانی کی ڈسپوزیبل بوتلیں تھیں لڑکیاں غریب اور پیاسے لوگوں کو وہ دیتی جا رہی تھیں اور لڑکے پیدل اور موٹر سائیکل سوار لوگوں پر ائیر گنوں سے ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ کر رہے تھے ایک بڑی سی چادر چار ڈنڈوں سے باندھ کر بس اسٹاپ پر تان دی گئی تھی جس سے وہاں موجود لوگوں کو سایہ میسر آ گیا تھا۔ میں جس جگہ کھڑا تھا وہ کوئی مسجد نہیں ایک بس اسٹاپ تھا اور آج اس بس اسٹاپ پر میرا دل سربسجود ہوگیا تھا ۔

از
کرن نعمان