410 views 6 secs 0 comments

میں انٹر نیٹ سے پیسے کیسے کماتا ہوں؟

In BUSINESS
December 31, 2020

آج سے کوئی گیارہ سال پہلے کی بات ہے جب مجھے کہیں سے پتہ چلا کہ انٹرنیٹ سے بھی پیسے کمائے جا سکتے ہیں۔ ان دنوں میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں ایم بی بی ایس کے تیسرے سال کا طالبعلم تھا۔ یہ اس دور کی بات ہے جب پاکستان میں انٹرنیٹ اتنا عام نہیں تھا اور زیادہ تر لوگ انٹرنیٹ کیفے جا کے انٹرنیٹ استعمال کرتے تھے۔ خیر میں نے اس سستے دور میں اپنے جیب خرچ سے P-3 کمپیوٹر سیٹ خریدا، ہاسٹل میں پی ٹی سی ایل کا انٹرنیٹ لگوایا (شکر ہے تب ہاسٹل میں انٹر نیٹ لگوانے کی اجازت ہوا کرتی تھی)۔ جب انٹر نیٹ کونیکشن لگ گیا تو بغیر کسی کمپوٹر ٹریننگ کے میں نے گوگل پہ سرچ کرنا شروع کردیا۔ ایک ویب سائٹ ملی جس نے آن لائن کمائی کے دعوے کر رکھے تھے۔

میں اس ویب سائٹ پہ دو ماہ کام کرتا رہا کیونکہ دو ماہ کے بعد انہوں نے مجھے پیسے بھیجنے تھے۔ لیکن جب دو ماہ ہوئے تو اس ویب سائٹ سے میرا اکاونٹ ہی غائب ہو گیا۔ لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور سرچ کرتا رہا۔ ایک دن فیس بک پہ ایک پوسٹ پڑھی جس میں پوسٹ کرنے والے کو کسی میڈیکل رائٹر کی ضرورت تھی (نیت سو مراد) میں نے انہیں ایمیل بھیج دی۔ اس بندے نے مجھ سے کچھ آرٹیکل لکھوائے اور پیسے بھی بھیجے۔ اس طرح پہلی بار آن لائن کمائی پہ یقین ہوا۔ پہلے مہینے کی میری آن لائن کمائی (بلکہ میری زندگی کی پہلی کمائی) کل 625 روپے تھے جو میں نے بہت سنبھال کے رکھی اور جب میں گھر آیا تو امی کے ہاتھ پہ رکھ دی (یہ ایک الگ خوشی تھی)۔

اس کے بعد میں نے www.freelancer.com پہ کام کیا اور آج تک الحمدللہ لاکھوں روپے اس ویب سائٹ سے میڈیکل رائٹنگ کر کے کما چکا ہوں۔ اسکے علاوہ www.fiver.com پہ بھی کام کیا اور پیسے کمائے۔ مزید www.upwork.com پہ بھی کیا اور کچھ پیسے کمائے۔ اسکے بعد میں نے اپنا یوٹیوب چینل “Doctors Hub” کے نام سے بنایا اور اب وہاں سے بھی پیسے آ رہے ہیں۔

آج کل میں ایک تحصیل ہیڈ کوارٹر میں میڈیکل آفیسر کے عہدے پہ فائز ہوں، اور الحمدللہ ایف سی پی ایس (میڈیسن) کی ٹریننگ بھی مکمل کر چکا ہوں۔ جہاں تک آن لائن کمائی کی بات ہے تو میں آپ کو بتا دوں کہ میں اپنی میڈیکل آفیسر کی ماہانہ تنخواہ سے زیادہ آن لائن کام کرکےکما رہا ہوں۔ اگر آپ کو آن لائن کمائی میں دلچسپی ہے تو آپ بھی سکلز سیکھئے اور آن لائن پیسے کمائیے۔ یاد رکھیں، آن لائن کمائی کوئی جھوٹ یا خواب نہیں، بلکہ ایک حقیقت ہے۔

تحریر: ڈاکٹر مزمل ارشاد ( میڈیکل آفیسر، تحصیل ہیڈکوارٹر تھل، لیہ)

/ Published posts: 7

میں ڈاکٹر مزمل ارشاد (MBBS, FCPS - R) میڈیکل آفیسر، میڈیکل رائٹر، فریلانسر اور یوٹیوبر ہوں۔