اللہ کی محبت

In اسلام
January 27, 2021

زندگی میں کبھی بھی کچھ بھی ایک جیسا نہیں رہتا سب کچھ وقتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ سب کچھ بدل جاتا ھے۔ اسی طرح لوگ بھی بدل جاتے ہیں کچھ لوگ سب کچھ کھو کر اللّٰہ کی طرف آتے ہیں اور کچھ لوگوں کو اللہ اپنی طرف کھینچ لیتا ہے ایسے لوگوں پر اللّٰہ پاک کی بڑی رحمت ہوتی ہے اور وہ بہت خوش قسمت ہوتے ہیں۔ اللہ زندگی کے مختلف حالات سے گزار کر انھیں اپنی طرف لے آتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی اگر ایک خاص نشانی بتاؤں تو یہ لوگ دل کے بہت صاف ہوتے ہیں۔ اللّٰہ ایسے لوگوں کو دلدل میں ڈالتا رہتا ہے اور آزماتا ہے پر کبھی ساتھ نہیں چھوڑتا۔ مجھے ایسے لوگوں پر رشک آتا ہے اور دماغ یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ اللہ ان لوگوں سے کتنی محبت کرتا ہوگا نا؟
میں نے ایسے لوگوں کو دیکھا ہے۔ ایک وقت ہوتا ہے جب یہ لوگ اللہ سے محبت بھی اپنے فائدے کے لیے رکھتے ہیں۔ پر اُنکی زندگی میں کچھ نہ کچھ ایسا ضرور ہوتا ہے کہ وہ منہ کے بل زمین پر آ گرتے ہیں پھر انہیں لگتا ہے کہ انکے لیے اٹھنا بہت مشکل ہے وہ منہ کے بل پڑے اپنی آنکھیں آسمان کی جانب رکھتے ہیں اور ایسا لگتا ہے جیسے وہ اپنے رب سے شکوہ کر رہے ہوں اور اللہ جوابِ شکوہ دے رہے ہوں یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک کہ انسان کی آنکھیں نم نا ہو جائیں۔
پھر اسی انسان کو اللہ کھڑا کرتا ہے اور سکھاتا ہے ہر ایک ایک چیز پھر مشکلات آتی ہیں، پاؤں لڑکھڑا جاتے ہیں، ہمت ٹوٹ جاتی ہے، انسان تھک بھی جاتا ہے، انسان رو بھی پڑتا ہے، انسان پھر شکوہ بھی کرتا ہے پر ایک چیز ہے جسے وہ اپنے پاس بھی نہیں آنے دیتا اور وہ ہے نا اُمیدی اور مایوسی۔ وہ انسان کتنا ہی پھر ٹوٹ کیوں نہ گیا ہو پر اپنے اللہ سے نا امید نہیں ہوتا کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ اللہ اُسکے ساتھ ہے۔
یہی لوگ ہیں جن پر اللہ کی خاص رحمت ہوتی ہے۔ یہی لوگ ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اللہ سے سچی محبت کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
اللہ اپنے بندوں کو آزماتا ہے اور اگر بندہ اس پر پورا اتر جائے تو اللہ بہت کچھ نواز دیتا ہے۔ بس ہمیں یہ بات کبھی نہیں بھولنی چاہئے کہ وہ ہم سے ستر ماؤں سے بھی زیادہ پیار کرتا ہے۔ اور آزمائشیں اسی پر ڈالتا ہے جس سے اُسے محبت ہوتی ہے۔ ہمیں بس صبر کرنا ہے اسکی ہر آزمائش پر اور کہنا ہے کہ اللہ جس میں تو راضی اسی میں میں بھی راضی۔ رستے کھلتے جائیں گے اور منزل مل جائے گی۔
ہمیں اللہ سے نا امید نہیں ہونا اللہ سب کا ہے وہ سب سے پیار کرتا ہے پر افسوس اس بات کا ہے کہ اگر کوئی اس سے سچی محبت نہیں کرتا تو وہ ہے انسان وہ ہے انسان۔

/ Published posts: 3

مجھے لکھنے کا بہت شوق ہے