فاسٹ فوڈ ! فائدہ مند یا نقصان دہ

In عوام کی آواز
January 31, 2021

فاسٹ فُوڈ! فائدہ مند یا نُقصان دہ
نزہت قُریشی

فاسٹ فوڈ کے فائدے کم اور نقصانات زیادہ ہیں۔
فوائد:۔ اگر آپ سفر کر رہے ہوں تو فاسٹ فوڈ کسی نہ کسی شکل میں ، گرما گرم آپ کو مل جاتا ہے ۔ آپ خوش بھی ہوتے ہیں اور سفر میں آپ کی غذائی ضرورت بھی پوری ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کو چونکہ جلدی جلدی بھوک لگتی ہے تو ان کو غذا کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ بھی اس فاسٹ فوڈ سے فوراً حاصل کر لیتے ہیں ۔ فاسٹ فوڈ بڑوں اور بچوں سب کی پسندیدہ خوراک ہے۔ سب لوگ بڑے شوق سے اسے کھاتے ہیں اور خواتین تو اس لیے بھی خوش ہوتی ہیں کہ کچن میں کھانا پکانے کی محنت سے اُن کی جان بچ جاتی ہے۔

فاسٹ فوڈ ہے کیا ؟

فاسٹ فوڈ میں وہ تمام اشیاء جو بازار میں تیار ملتی ہیں یا فوری تیار ہو جاتی ہیں۔

نمبر1۔ پیزا :۔ پیزا بنانے والی کمپنیاں اور فاسٹ فوڈ ریستورانٹ جتنی خوشنما اور رنگین تصاویر ان کی اشتہاروں میں پیش کرتے ہیں دل فوراً للچانے لگتا ہے اور مُنہ میں پانی بھر آتا ہے۔ لیکن اس میں سوڈیم کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سےیہ بلڈ پریشر کو ہائی کرتا ہے۔ آج کل آپ نے اکثر سُنا ہو گا کہ چھوٹے بچوں کا بھی بلڈ پریشر ہائی ہوتا ہے تو حیرانگی ہوتی ہے۔ لیکن اس سے بھی زیادہ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ یہ سب کچھ جانتے بوجھتے بھی لوگ اس کو نہیں چھوڑتے۔

نمبر2۔ چکن کارن سُوپ :۔سردی کے موسم میں بڑا پُر کشش محسوس ہونے والا، یہ گرما گرم سُوپ جو وقتی خوشی اور حرارت فراہم کرتا ہے۔ نُقصانات سے بھر پُور ہے۔ اس میں جو کیمیکل استعمال ہوتے ہیں ۔ معدے اور آنتوں کے کینسر کا موجب بنتے ہیں اس کا مسلسل استعمال مختلف بیماریوں کا باعث ہے۔

نمبر3۔ نوڈلز :۔نوڈلز ویسے تو بچوں کی پسندیدہ خوراک ہے۔ مائیں بھی خوشی خوشی فوراً بازار سے پیکٹ منگوا کے دو منٹ میں تیار کر کے جان چُھڑا لیتی ہیں لیکن اس میں بھی سوڈیم کی مقدار کی زیادتی صحت کے لیے خطرناک ہے۔ اشتہاری کمپنیاں تو اس کے غذائی فوائد کی لمبی فہرست گنواتی ہیں ۔لیکن اشتہار والے تو ایسا کریں گے ہی۔ کیونکہ اُنہوں نے تو پیسے کمانے ہیں

نمبر4۔ ٹماٹو کیچ اپ اور سوس :۔ذائقہ دار اور چٹ پٹہ کیچ اپ اور سوس جو کھانے کے مزے کو دوبالا کرتا ہے۔ سب لوگ نہایت شوق سے پیزا ، برگر ، فرنچ فرائز ، کٹلٹس اور شامی کباب کے ساتھ کھاتے ہیں ۔ گویا ہر کھانے کی جان ہیں ۔ لیکن ان میں موجود کیمیکل ہمارے دل ، معدے اور گُردوں کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔ ان کیمیکل سے انسانی جسم کے اندر ہونے والی تباہی ظاہر میں تو نظر نہیں آتی لیکن خوفناک بیماریوں کی شکل میں جب سامنے آتی ہیں تو علاج کروانا مشکل ہو جاتا ہے۔

نمبر5۔ وائٹ بریڈ یا ڈبل روٹی:۔اکثر لوگوں کے ناشتے کا لازمی جُز ڈبل روٹی ہوتی ہے جو انڈے ، مکھن اور جیم کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔ بڑی نقصان دہ ہے۔ خود ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کبھی بھی چھنا ہوا آٹا نہیں کھاتے تھے۔ کیونکہ بغیر چھنے ہوئے آٹے میں بھوسی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لیے یہ نظام ہضم کو درست اور فعال رکھتی ہے۔ جب کہ ڈبل روٹی میدے سے بنتی ہے۔ جو نظام ہضم کو تباہ کر کے آنتوں میں چپک کر قبض کی بیماری پیدا کرتی ہے۔ جو بعد میں آنتوں کے کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔

نمبر6۔ منجمند خوراک :۔ یہ خوراک ڈبوں میں بند ملتی ہے لوگ مارکیٹوں سے خرید کر فریزر میں بھر لیتے ہیں اور پھر گرم کر کر کے کھاتے رہتے ہیں۔ ان میں جو کیمیکل ری ایکشن ہوتا ہے انتہائی خطرناک ہے۔

نمبر7۔ برگرز :۔چکن برگر ہو یا چیز برگرکھانے میں مزے دار گرما گرم اور چٹخارے دار ۔ لیکن اس میں موجود اجزاء بیماریوں کا گھر ہیں۔ ان میں بھی سوڈیم کی زیادہ مقدار ہائی بلڈ پریشر ،گُردے کے فیل ہونے اور دل کے عارضے میں مبتلا کرتے ہیں ۔
جتنا وقت اور پیسہ لوگ اس فاسٹ فوڈ سے بچاتے ہیں ۔ علاج معالجے پر اس سے کئی گنا زیادہ خرچ کر ڈالتے ہیں الغرض اگر دیکھا جائے تو فاسٹ فوڈ کے فائدے کم اور نُقصانات زیادہ ہیں ۔اگر ان بیماریوں اور مصیبتوں سے بچنا ہے تو گھر کے پکے کھانے کو ترجیح دیں۔ جو تھوڑی مشقت ہے مگر فائدہ بہت بڑا ہے۔

/ Published posts: 31

I am Nuzhat Quraishi. Principal The Smart School Shabqadar Campus. I am a writer and want to write articles.

Facebook