وقت بے وفا ہے یا وفادار دوست

In افسانے
February 06, 2021

وقت- بے وفا ہے یا وفادار دوست
نزہت قریشی

وقت کی اہمیت کا احساس صرف ان لوگوں کوہوتا ہے اور اس وقت ہوتا ہے ۔جب وہ اس وقت کو گنوا کر پھر پچھتاتے ہیں ۔ وقت ان کے ہاتھ سے نکل جاتا ہے اور واپس نہیں آتا۔ وقت کا پہیہ چلتا رہتا ہے ۔ یہ سفر ناتمام ہے کبھی ختم نہیں ہوتا بلکہ تا قیامت جاری و ساری رہے گا۔وقت نہ کسی کے لیے ٹھہرتا ہے اور نہ کسی کے لیے واپس آتا ہے ۔ اس کا کام ہے آگے ہی آگے بڑھنا ۔ یہ نہ کسی کے غم کا احساس کرتا ہے اور نہ کسی کی خوشی میں شامل ہوتا ہے۔ بلکہ ہر غم ، ہر خوشی کی پرواہ کیے بغیر آگے بڑھ جاتا ہے۔جو غم میں ہوں یا تکلیف میں تو ان کا وقت نہیں گزرتا ۔ تکلیف یا غم کا وقت سردیوں کی راتوں کی طرح طویل ہو جاتا ہے جو کاٹے نہیں کٹتا۔ لیکن ایک اُمید ، ایک احساس ہمیشہ ساتھ رہتا ہے یہ وقت بھی گزر ہی جائے گا ۔ ٹھہرے گا نہیں۔

جس طرح رات کے بعددن ، اندھیرے کے بعد روشنی ہوتی ہے اور یہ دونوں اپنے وجود کی اہمیت کا احساس دلاتے ہیں۔ اسی طرح غم کا وقت بھی کسی نہ کسی طرح کٹ ہی جاتا ہے۔اس اُمید پر کہ ہر غم کے بعد خوشی آتی ہے اس کی تکلیف کو کم کر دیتی ہےاور یہ لمحات بھی مختصر ہو جاتے ہیں۔وہ لوگ جو وقت کی قدر کرتے ہیں ہر گزرنے والے لمحے کو ضائع نہیں کرتے ، بلکہ ایک ایک منٹ اور ایک ایک سیکنڈ کی قدر کرتے ہوئے اس سے فائدہ اُٹھاتے ہیں ۔ یہی تو وہ لوگ ہیں ۔ جن کی وقت بھی قدر کرتا ہے۔ اُن کا وفادار دوست ثابت ہوتا ہے اور اُن کو بھرپُور فائدہ پہنچاتا ہے۔دُنیا میں جتنی بھی بڑی بڑی شخصیات گُزری ہیں۔ اُنہوں نے وقت کی قدر کی اُس سے بھرپُور فائدہ اُٹھایا اور دُنیا میں اپنا نام اپنی محنت سے بنایا۔ وقت نے بھی اُن کی قدر کی ۔ اُن کے اس دُنیا سے چلے جانے کے باوجود ، اُن کے نام کو مٹنے نہیں دیا۔ رہتی دُنیا تک لوگ اُن کے کارناموں اور اُن کی عظمت کو یاد بھی کرتے ہیں اور اُن کو اپنارہنما مان کر اُن کی اس مشعل راہ سے دی ہوئی روشنی سے اپنے راستے تلاش کرتے ہیں۔یہی بے وفا وقت اُن کا وفادار دوست ثابت ہوتا ہے۔جو اُن کی یادوں کو مٹنے نہیں دیتا۔ صدیاں گزرنے کے باوجود بھی وہ دُنیا میں زندہ و جاوید ہیں۔

وقت اُن لوگوں کے لیے بے وفا ہے جو اُن کی قدر نہیں کرتے۔ زندگی کو فضول کاموں میں گُزار کر فنا ہو جاتے ہیں اور پھر وہ بے نام و نشان ہو جاتے ہیں۔ بےرحم وقت اُن کی یادوں کو مٹا دیتا ہے۔ عقلمندی کا تقاضہ ہے کہ ہم وقت کو برباد نہ کریں بلکہ اس سے بھر پُور فائدہ اُٹھائیں۔ اس کی قدر کریں تاکہ کل کو یہ بھی ہمیں مٹنے نہ دے۔ لوگوں کے دلوں میں ہماری یادوں کو زندہ رکھے۔ اگر ہم وقت سے بے وفائی کریں گے تو یہ بھی ایک بے وفا چیز ہے اور اگر ہم اس کی قدر کریں گے تو یہ ایک وفادار دوست کی طرح ہمیں بھر پُور فائدہ پہنچائے گا۔اس وفادار ساتھی کو موت بھی ہرا نہیں سکتی۔کسی شاعر نے خوب کہا ہے

وقت کے دن اور رات
وقت کے کل اور آج
وقت کی ہر شے غلام
وقت کا ہر شے پہ راج

/ Published posts: 31

I am Nuzhat Quraishi. Principal The Smart School Shabqadar Campus. I am a writer and want to write articles.

Facebook